Sunday, 29 November 2015

غریب شہر نے جب بھی بلند کی آواز

غریبِ شہر نے جب بھی بلند کی آواز
امیرِ شہر نے جکڑی زبان مُٹّھی میں
یہی تو اصل اثاثہ تھا مرنے والے کا
دبا ہوا ہے جو اک سوکھا نان مُٹّھی میں
نہ جانے کس کے نصیبوں کو جگمگائے گا
لیے ہوئے ہے جو سونا کسان مُٹّھی میں
ہوا ہے، رنگ ہے، خوشبو ہے، پھول ہے تتلی
لگی ہوئی ہے عجب اک دکان مُٹّھی میں
بس اک حرفِ یقیں کی تلاش میں برسوں
لئے پھِرا ہوں ہزار گمان مُٹّھی میں
ہزار طائرِ فکرِ رسا کو پرچایا
نہ آ سکا کبھی زورِ بیان مُٹّھی میں
یہ کیسے شعر نکالے ہیں بے بہا خسروؔ
غزل ہے یا کوئی ہیرے کی کان مُٹّھی میں

فیروز ناطق خسرو

No comments:

Post a Comment