Monday 23 November 2015

بادباں کھولے گی اور بند قبا لے جائے گی

بادباں کھولے گی اور بندِ قبا لے جائے گی
رات پھر آئے پھر سب کچھ بہا لے جائے گی
خواب جتنے دیکھنے ہیں آج سارے دیکھ لیں
کیا بھروسا کل کہاں پاگل ہوا لے جائے گی
یہ اندھیرے ہیں غنیمت کوئی رستہ ڈھونڈ لو
صبح کی پہلی کرن آنکھیں اٹھا لے جائے گی
ہوش مندوں سے بھرے ہیں شہر اور جنگل سبھی
ساتھ کس کس کو بھلا کالی گھٹا لے جائے گی
جاگتے منظر، چھتیں، دالان، آنگن، کھڑکیاں
اب کے پھیرے میں ہوا یہ بھی اڑا لے جائے گی
ایک اک کر کے سبھی ساتھی پرانے کھو گئے
جو بچا ہے وہ نگاہ سرمہ سا لے جائے گی
جاتے جاتے دیکھ لینا گردشِ لیل و نہار
زندگی سے بانکپن لطف خطا لے جائے گی

​آشفتہ چنگیزی

No comments:

Post a Comment