Friday 16 September 2016

باغوں میں دیکھے ہیں ہم نے بانکے اور سجیلے پیڑ

باغوں میں دیکھے ہیں ہم نے بانکے اور سجیلے پیڑ
ہاتھ لگے تو مُرجھا جائیں ایسے بھی شرمیلے پیڑ
امرت ہی برسے تو شاید جنم جنم کی پیاس بجھے
جنگل جنگل سُوکھ رہے ہیں کیسے کیسے گیلے پیڑ
بہہ نکلی ہے جل کی دھارا چوٹی سے ڈھلوانوں میں
سورج کی کرنوں سے پگھلے جاتے ہیں برفیلے پیڑ
مولسری کے کنج میں آخر کیا ہے کام کٹیلی کا
ان کو تم مت ہاتھ لگانا یہ تو ہیں زہریلے پیڑ
بھیگی ہیں برسات کی راتیں جگنو جگمگ اڑتے ہیں
جنگل کی تاریک فضا میں لگتے ہیں چمکیلے پیڑ
اٹھتی ہیں جس اور نگاہیں، ڈال ڈال ہریالی ہے
ایسا وقت بھی آتا ہے جب پڑ جاتے ہیں پیلے پیڑ
پھولوں کی نگری میں جا کر اندھے ہو جاتے ہیں لوگ
آنکھوں میں بھر جاتے ہیں جب یارو! نین کٹیلے پیڑ

شفیق برنی

No comments:

Post a Comment