Monday, 12 September 2016

پار کرنا ہے ندی کو تو اتر پانی میں

پار کرنا ہے ندی کو تو اتر پانی میں
بنتی جائے گی خود ایک راہگزر پانی میں
ذوقِ تعمیر تھا ہم خانہ خرابوں کا عجب
چاہتے تھے کہ بنے ریت کا گھر پانی میں
سیلِ غم آنکھوں سے سب کچھ نہ بہا لے جائے
ڈوب جائے نہ یہ خوابوں کا نگر پانی میں
کشتیاں ڈوبنے والوں کے تجسس میں نہ جائیں
رہ گیا کون، خدا جانے کدھر پانی میں
اب جہاں پاؤں پڑے گا یہی دلدل ہو گی
جستجو خشک زمینوں کی نہ کر پانی میں
موج در موج، یہی شور ہے طغیانی کا
ساحلوں کی کسے ملتی ہے خبر پانی میں
خود بھی بکھرا وہ، بکھرتی ہوئی ہر لہر کے ساتھ
عکس اپنا اسے آتا تھا نظر پانی میں

مخمور سعیدی

No comments:

Post a Comment