Thursday 13 February 2020

یہ رنگ عاجزی جب سے مناجاتوں میں آیا ہے

یہ رنگِ عاجزی جب سے مناجاتوں میں آیا ہے
تکبر سا خدا میں، اور خدا والوں میں آیا ہے
سبھی ننھے فرشتے پھر سکولوں میں چلے آئے
کلیجہ اب کے یہ کیسا مِری ماؤں میں آیا ہے
وہی جو کہ پڑھا کرتا تھا شہروں میں مگر اب کے
گھٹن سے مر چلا جب تو وہیں گاؤں میں آیا ہے
ہزاروں بار ٹوٹا ہوں، گرا ہوں، گر کے اٹھا ہوں
توازن تب کہیں جا کر مِری باتوں میں آیا ہے
مِرے یارو! ہمارے قہقہے اب یاد آتے ہیں
رکھاؤ اس طرح کا اب ملاقاتوں میں آیا ہے
اسے دھتکارنے سے کیا، بلاؤ، پاس بٹھلاؤ
یہ صدیوں دھوپ میں چل کر تِری چھاؤں میں آیا ہے
اٹھا نہ اب مغیرہ کو پڑا کچھ دیر رہنے دے
یہ گر کے عرش سے سیدھا تِرے پاؤں میں آیا ہے

صہیب مغیرہ صدیقی

No comments:

Post a Comment