Thursday 22 October 2020

دل ویران میں تیرا درد ہی مہمان کافی تھا

 دلِ ویران میں تیرا درد ہی مہمان کافی تھا

ہمیں بس اک تِرا ہجرِ بلائے جان کافی تھا

تجھے بالوں کو لہرانے کی ایسی کیا ضرورت تھی

میں جتنا ہو چکا تھا اس قدر حیران کافی تھا

کرم کچھ حد سے زیادہ مجھ پہ تُو نے کردیا لیکن

تجھے یہ زین یوں بھی بےسر و سامان کافی تھا

کسی انجان غم میں رو پڑا تھا وہ مِرے آگے

مِرے برباد ہونے کو یہی نقصان کافی تھا

بچھڑتے وقت کچھ بھی نہ سہی دو لفظ دے جاتے

کوئی امید کافی تھی، کوئی پیمان کافی تھا

اسی کے نقش زہن و دل سے مٹ پائے نہیں اب تک

کہ جس کو بھولنے کا مرحلہ آسان کافی تھا

بلا کی دیر کر دی لوٹنے میں بس اسی خاطر

ہمارے گھر کے رستے سے کوئی انجان کافی تھا

یہ تم جو آ گئے تو اس کا منہ ماتھا نکل آیا

وگرنہ تم سے پہلے گھر مِرا ویران کافی تھا

جدا ہونے سے بہتر تھا، جفا کرتے خفا کرتے

تمہارا زین کے سر پر یہی احسان کافی تھا


زین شکیل

No comments:

Post a Comment