شدید گریہ کا مطلب بتا رہا تھا ہمیں
وہ رو رہا تھا کہ رونا سکھا رہا تھا ہمیں
ہم اس کے اٹھے ہوئے ہاتھ کی طرف بھاگے
پتہ چلا کہ وہ رستہ دکھا رہا تھا ہمیں
پہاڑ اس کے علاقے میں ڈھیر ہوتے ہیں
وہ اپنے گاؤں کی باتیں سنا رہا تھا ہمیں
ہم اپنے آپ کو ویسا بنا سمجھ رہے تھے
ہمارے بارے میں جیسا بتا رہا تھا ہمیں
ضرور اس کا کوئی پیاس سے مرا ہو گا
وہ کتنے پیار سے پانی پلا رہا تھا ہمیں
بجھا رہا تھا چراغوں کو اپنی سانسوں سے
اور اپنے نور کی لو سے جلا رہا تھا ہمیں
ندیم بھابھہ
No comments:
Post a Comment