Friday 16 October 2020

اڑتی ہے دل کے فرش پر بیتے دنوں کی راکھ

 اڑتی ہے دل کے فرش پر بیتے دنوں کی راکھ

میں ہوں تِرا خیال ہے اور سگرٹوں کی راکھ

بدلا جو سال ہم کو بھی سب نے بھلا دیا

ہم تھے کہ گزرے سال کے کیلنڈروں کی راکھ

گلیاں بھی سوچ میں ہیں دریچے بھی محو ہیں

وہ کون تھا بکھیر گیا جو دلوں کی راکھ

سب رنگتیں بجھا گئی ہے وقت کی ہوا

دل میں چھپائے پھرتے ہیں اب خواہشوں کی راکھ

وہ لمحہ کون سا تھا کہ جس کو نہ روئے ہم

اب تک پلک پلک ہے سجی آنسوؤں کی راکھ

پھر وہ گلی ہے شام ہے تنہائیوں کا رقص

پھیلی ہے آس پاس کئی آہٹوں کی راکھ


محمود شام

No comments:

Post a Comment