Wednesday 24 February 2021

یہ نرم ہاتھ مرے ہاتھ میں تھما دیجے

 یہ نرم ہاتھ مِرے ہاتھ میں تھما دیجے

تھکا ہوا ہوں ذرا دل کو حوصلہ دیجے

بس اب ملے ہیں تو کیجے نہ آس پاس کا خوف

جو سنگِ راہ ملے پاؤں سے ہٹا دیجے

یہ اور دور ہے اور سب یہاں مجھی سے ہیں

وہ کوہ کن کی حکایات اب بھُلا دیجے

نہیں ہے آپ کو فرصت اگر توجہ کی

تو میں بھی لوٹتا ہوں گھر کو ٭آگیا دیجے

وفا ہے جرم تو اقرارِ جرم ہے مجھ کو

یہ میں ہوں یہ مِرا دل لیجئے سزا دیجے

مِرا وجود بھی ہے آپ کی جبیں کا داغ

اسے بھی حرفِ غلط کی طرح مٹا دیجے

کل آپ نے جو چھڑایا تو چھٹ سکے گا نا ہات

جو الجھنیں ہیں مجھے آج ہی بتا دیجے

یہ کھیل کھیلا ہے جب پیار کا تو پھر اے دل

اب اپنے آپ کو بھی داؤں پر لگا دیجے

تمام عمر بھٹکتی رہی نظر کہ کہیں

ملے کوئی جسے نذرانۂ وفا دیجے

مِری تو جنبشِ لب بھی ہے ناخوشی کا سبب

اب آپ ہی کوئی طرزِ بیاں سِکھا دیجے

وہ سہمے سہمے جدائی کے مضطرب لمحے

مِری نگاہ میں اک بار پھر بسا دیجے

گیا نہیں ہے ابھی دور آپ کا انجم

جو دل اداس ہو تو پھر اسے صدا دیجے


انوار انجم

٭آگیا (ہندی) اجازت

No comments:

Post a Comment