Tuesday, 23 February 2021

دل آباد کا برباد بھی ہونا ضروری ہے

دلِ آباد کا برباد بھی ہونا ضروری ہے

جسے پانا ضروری ہے اسے کھونا ضروری ہے

مکمل کس طرح ہو گا تماشہ برق و باراں کا

تِرا ہنسنا ضروری ہے مِرا رونا ضروری ہے

بہت سی سرخ آنکھیں شہر میں اچھی نہیں لگتیں

تِرے جاگے ہوؤں کا دیر تک سونا ضروری ہے

کسی کی یاد سے اس عمر میں دل کی ملاقاتیں

ٹھٹھرتی شام میں اک دھوپ کا کونا ضروری ہے

یہ خود سر وقت لے جائے کہانی کو کہاں جانے

مصنف کا کسی کردار میں ہونا ضروری ہے

جناب دل💗 بہت نازاں نہ ہوں داغ محبت پر

یہ دنیا ہے یہاں یہ داغ بھی دھونا ضروری ہے


شعیب بن عزیز

No comments:

Post a Comment