Thursday, 24 June 2021

بھری محفل میں رسوا ہو گئے تھے

 بھری محفل میں رُسوا ہو گئے تھے

ہمی گھر گھر کا چرچا ہو گئے تھے

یہ کس نے پیٹھ پر خنجر چلایا

سبھی دُشمن تو پسپا ہو گئے تھے

کسی موجِ صبا کے منتظر تھے

چمن کے پھول تنہا ہو گئے تھے

وہ کس ہستی کے لب کی جنبشوں سے

کبھی پتھر بھی گویا ہو گئے تھے

عمارت جوں کی توں لگتی تھی لیکن

در و دیوار مُردہ ہو گئے تھے

تِری ان جھیل سی آنکھوں کے اندر

سمندر تھے جو صحرا ہو گئے تھے


فیضان قادر

No comments:

Post a Comment