Sunday, 29 August 2021

خطاب کیسے کروں تم سے ہر کسی کی طرح

 خطاب کیسے کروں تم سے ہر کسی کی طرح

میں دشمنی بھی کروں گا تو دوستی کی طرح

میں کس طرح سے گزاروں گا زندگی تنہا

تِرے بغیر یہ لمحہ ہے اک صدی کی طرح

ہمارے گھر میں تو تھوڑا سا ہی اجالا ہے

تبھی تو روشنی لگتی ہے تیرگی کی طرح

یہ ہم نے مانا کہ اولاد سب ہیں آدم کی

رویہ بھی تو ہو ہم سب کا آدمی کی طرح

یہ زندگی کا سفر پُر فریب ہے کتنا

شناسا لوگ بھی ملتے ہیں اجنبی کی طرح

رہِ وفا میں فقط آپ ہی نہ تھے تنہا

نِبھائی دوستی ہم نے بھی بندگی کی طرح

ذرا شعور کی چلمن سے جھانک کر دیکھو

اُداسیاں بھی نظر آئیں گی خوشی کی طرح

یہ عشق کا ہے اثر یا ہے میرا و گمان؟

تمہاری باتیں بھی لگتی ہیں شاعری کی طرح

میں زندگی کے قرینے سے خوب واقف ہوں

اسی لیے تو مجھے غم لگے خوشی کی طرح

جو زخم مجھ کو ملے ہیں کسی سے اے قیصر

بُھلاؤں کیسے انہیں؟ ہیں وہ زندگی کی طرح


امتیاز قیصر

No comments:

Post a Comment