Tuesday 31 August 2021

نہ رہبر نے نہ اس کی رہبری نے

نہ رہبر نے نہ اُس کی رہبری نے

مجھے منزل عطا کی گُمرہی نے

بنا ڈالا زمانے بھر کو دُشمن

فقط اک اجنبی کی دوستی نے

وہ کیوں محتاج ہو شمس و قمر کا

جِلا بخشی ہو جس کو تیرگی نے

بدن کانٹوں سے کر ڈالا ہے چھلنی

ہمارا گُل رُخوں کی دوستی نے

بدل ڈالا مذاق گُل پرستی

چمن میں ادھ کھلی سی اک کلی نے

قیامت بن گئی رحمت سراپا

کیا کیا آپ کی ہمسائیگی نے

شکایت برق کی اے برق! کیسی؟

مجھے پُھونکا ہے گُل کی پنکھڑی نے​


برق پونچھوی

(شِو رتن لال)

No comments:

Post a Comment