Tuesday, 31 August 2021

ہم سے تھے سب ہی خفا سو چلے آئے گھر سے

 ہم سے تھے سب ہی خفا سو چلے آئے گھر سے

کیسے بھولیں گے وہ آزار جو پائے گھر سے

روک لیتی ہے انا چار قدم چلتے ہی

یوں نہ لوٹیں گے منانے کوئی آئے گھر سے

دلِ ناکام کو تو اب بھی یہی حسرت ہے

کوئی اس کے لیے آنسو ہی بہائے گھر سے

اس ستم گر نے مجھے زخم دیا ہے ایسے

وار کرتی ہو بلا جیسے پرائے گھر سے

جسے ملنے کی تمنا میں رُکی ہیں سانسیں

وائے حسرت کوئی اس کو تو بلائے گھر سے

ہر طرف شور ہے ماتم کی صدا آتی ہے

کب ٹلیں گے یہ سیہ موت کے سائے گھر سے

آگ نفرت کی تِرا گھر بھی جلا سکتی ہے

دوسروں کو جو جلاتی نظر آئے گھر سے

حادثوں سے نہیں محفوظ خدا کا گھر بھی

پھر بھی دو چار نمازی نکل آئے گھر سے

دوڑ مادے کی اگر یوں نہ تھکائے ہم کو

بے سکونی کی وبا بھی چلی جائے گھر سے

ڈگریاں بکنے لگیں زر کے عوض مکتب میں

علم کا جو بھی خریدار ہے آئے گھر سے


زرقا مفتی

No comments:

Post a Comment