Sunday, 29 August 2021

وقت کے آلام میں ہر شخص ہے الجھا ہوا

 وقت کے آلام میں ہر شخص ہے الجھا ہوا

میں اکیلے ہی نہیں وحشت زدہ ٹوٹا ہوا

اے مسیحا چھوڑ دے اب حال پر اپنے مجھے

زخمِ دل چارہ گری سے اور بھی گہرا ہوا

آگ گلشن میں لگائی سرکشوں نے ہی مگر

سر کسی معصوم کا ہے دار پر لٹکا ہوا

موت کی دہلیز کے آگے کھڑی ہے زندگی

میں ابھی ہوں مال و زر کی حرص میں الجھا ہوا

برق سے پہلے ہوا نے سازشیں کی اس قدر

راکھ کی صورت نشیمن ہے مِرا بکھرا ہوا

دیکھ کر وحشت زدہ ہوں میں چمن کے حال پر

شاخِ گل ہے باغباں کے خوف سے سہما ہوا

لاکھ تدبیریں کی عارف کچھ نہیں بدلا مگر

جو مقدر میں خدا نے تھا مِرے لکھا ہوا


جاوید عارف

No comments:

Post a Comment