Thursday, 30 December 2021

ہو تم کو مبارک محبت وغیرہ

 ہمارے گھروں میں ہیں روٹی کے لالے

ہو تم کو مبارک محبت وغیرہ

ہے بیٹی کی گُھٹی میں شامل ازل سے

یہ قربانی، جُھکنا، اطاعت وغیرہ

ہمارا سمے تو کوئی بھی نہیں ہے

گھڑی کو مبارک یہ ساعت وغیرہ

ہماری لکیروں میں سختی لکھی ہے

کہ جچتی ہے تم پر نزاکت وغیرہ

کہ قابیل تو ہابیل کا قاتل رہا ہے

سو نسلوں میں گردش ہلاکت وغیرہ

چلیں جب ہوائیں تو پتے گرائیں

ستاتی ہے مجھ کو یہ آہٹ وغیرہ

ہمیشہ رہوں میں تِرے دل میں قیدی

گوارا نہیں ہے ضمانت وغیرہ

ہمیشہ ہی تیور چڑھائے رکھے ہو

کبھی تو دکھاؤ لطافت وغیرہ

سپاہی ہمارے بہادر جواں ہیں

ہے شامل لہو میں شجاعت وغیرہ


ثمرین افتخار

No comments:

Post a Comment