Thursday 30 December 2021

وہ جو میری سمت تھا گامزن وہ خوشی کا لمحہ کدھر گیا

وہ جو میری سمت تھا گامزن وہ خوشی کا لمحہ کدھر گیا

مجھے کیوں یہ لگنے لگا ہے اب کہ مِری دعا سے اثر گیا

کبھی رشکِ رونقِ ہر چمن، کبھی حسنِ توبہ شکن کہیں

تِرے قرب میں، مِرے ہم سخن! مِرا رنگ روپ نکھر گیا

کبھی یوں بھی گزرے تھے رات دن، تُو نہ میرے بِن میں نہ تیرے بِن

یہ بھی وقت کا ہی تھا فیصلہ کہ ہر ایک اپنی ڈگر گیا

نہ وہ ہجر لمحوں کی چشمِ نم نہ کسی کے غم میں اداس ہم

وہ جو ذہن و دل پہ سوار تھا وہ نشہ تو کب کا اُتر گیا

رہا خوف سا مجھے عمر بھر، سنی میں نے سب کی اگر مگر

لگی منزلوں کی وہ جستجو، رہِ پُر خطر کا بھی ڈر گیا

وہ تو پتھروں کو تراش کر انہیں کر دے مثلِ گہر نما

ہوئی خوش جمال ہر ایک شے، جہاں اس کا حسنِ نظر گیا


ردا خان

No comments:

Post a Comment