Friday 31 December 2021

نئے سال کی صبح اول کے سورج

 نئے سال کی صبحِ اول کے سورج

میرے آنسوؤں کے شکستہ نگینے

میرے زخم در زخم بٹتے ہوئے دل کے

یاقوت ریزے

تِری نذر کرنے کے قابل نہیں ہیں

مگر میں

(ادھورے سفر کا مسافر)

اجڑتی ہوئی آنکھ کی سب شعائیں

فگار انگلیاں

اپنی بے مائیگی

اپنے ہونٹوں کے نیلے افق پہ سجائے

دعا کر رہا ہوں

کہ تُو مسکرائے

جہاں تک بھی تیری جواں روشنی کا

اُبلتا ہوا شوخ سیماب جائے

وہاں تک کوئی دل چٹخنے نہ پائے

کوئی آنکھ میلی نہ ہو، نہ کسی ہاتھ میں

حرفِ خیرات کا کوئی کشکول ہو

کوئی چہرہ کٹے ضربِ افلاس سے

نہ مسافر کوئی

بے جہت جگنوؤں کا طلبگار ہو

کوئی اہلِ قلم

مدحِ طبل و علم میں نہ اہلِ حکم کا گنہگار ہو

کوئی دریُوزہ گر

کیوں پِھرے در بدر

صبحِ اول کے سورج

دعا ہے کہ تری حرارت کا خالق

مِرے گُنگ لفظوں

مِرے سرد جذبوں کی یخ بستگی کو

کڑکتی ہوئی بجلیوں کا کوئی

ذائقہ بخش دے

راہگزاروں میں دم توڑتے ہوئے رہروؤں کو

سفر کا نیا حوصلہ بخش دے

میری تاریک گلیوں کو جلتے چراغوں کا

پھر سے کوئی سلسلہ بخش دے

شہر والوں کو میری انا بخش دے

دُخترِ دشت کو دُودھیا کُہر کی اک رِدا بخش دے


محسن نقوی

No comments:

Post a Comment