Thursday 30 December 2021

منظر کا احسان اتارا جا سکتا ہے

 منظر کا احسان اُتارا جا سکتا ہے

آنکھ کو یارا بھوکا مارا جا سکتا ہے

آنگن آنگن آگ اُگائی جا سکتی ہے

کمروں میں دریا کا کنارا جا سکتا ہے

کرچی کرچی خواب چمکتا ہے آنکھوں میں

ان سے اب دنیا کو سنوارا جا سکتا ہے

بوندوں میں آئینے گھولے جا سکتے ہیں

چادر تن میں سفر گزارا جا سکتا ہے

جسم و دل کی ٹھن جانے پر یاد رکھو

جسم کو جیتو، دل تو ہارا جا سکتا ہے

جس بستی کے راشن گھر میں خون بٹے

وہاں فقط لاشوں کو سنوارا جا سکتا ہے

جس آنگن کی سانولیاں روٹی جیتیں

اس کے توے پر چاند اُتارا جا سکتا ہے

آتش داں کا سینہ ٹھنڈا ہو سکتا ہے

برف کا ٹکڑا بن کے شرارا جا سکتا ہے


فاروق طاہر

No comments:

Post a Comment