Tuesday, 1 February 2022

کیا خبر کہہ دیا کیا آپ نے دیوانے سے

 کیا خبر کہہ دیا کیا آپ نے دیوانے سے

اب دل وحشی بہلتا نہیں بہلانے سے

جس کو کچھ ربط ہے ساقی تِرے میخانے سے

اس کو مطلب ہے نہ شیشے سے نہ پیمانے سے

ہم کو تھا چین میسر اسی دیوانے سے

مٹ گئے ہم بھی دلِ زار کے مٹ جانے سے

زندگی ملتی ہے جس شخص کو مر جانے سے

وہ سمجھ سکتا ہے ناصح تِرے سمجھانے سے

کس قدر رنج و مصیبت کا مرقع ہوں میں

کانپ اٹھتا ہے مِرا دل تِری یاد آنے سے

یہ نصیحت تو بجا ناصح مشفق، لیکن

کوئی دیوانہ سمجھتا بھی ہے سمجھانے سے

سامنے آؤ، ہٹا دو رخِ زیبا سے نقاب

کوئی پردہ بھی کیا کرتا ہے دیوانے سے

ہم نے یہ کہہ کے دلِ زار کو سمجھایا ہے

کام بنتے ہیں کہیں عشق میں گھبرانے سے

میری جمعیتِ خاطر کو پریشاں نہ کرو

زلفِ برہم کو ہٹاؤ نہ ابھی شانے سے

آپ کے ظلم کو بھی میں نے کرم سمجھا ہے

شرم آتی ہے مجھے آپ کے شرمانے سے

دل دُکھانے کا تو انجام برا ہوتا ہے

خود تڑپ جائے گا ظالم مِرے تڑپانے سے

اللہ، اللہ، یہ بیمارِ محبت کا علاج

رنگ بدلا تِرے دامن کی ہوا کھانے سے

جاتے جاتے مِری کیفیتِ دل دیکھتا جا

مجھ پہ کیا گزرے گی اے دوست تِرے جانے سے

کیا کریں جی کے یہ جینا بھی کوئی جینا ہے

جب حیات ابدی ملتی ہے مر جانے سے


صابر دہلوی

مرزا قادر بخش

No comments:

Post a Comment