قضا سے قرض کس مشکل سے لی عمر بقا ہم نے
متاع زندگی دے کر کیا یہ قرض ادا ہم نے
ہمیں کس خواب سے للچائے گی یہ پر فسوں دنیا
کھرچ ڈالا ہے لوحِ دل سے حرفِ مدعا ہم نے
کریں لب کو نہ آلودہ کبھی حرف شکایت سے
شعار اپنا بنایا شیوۂ صبر و رضا ہم نے
ہم اس کے ہیں سراپا ادبدا کر اس سے کیا مانگیں
اٹھایا ہے کبھی اے مدعی دست دعا ہم نے
شہیدان وفا کی منقبت لکھتے رہے، لیکن
نہ کی عرضی خداؤں کی کبھی حمد و ثنا ہم نے
پرکھنے والے پرکھیں گے اسی معیار پر ہم کو
جہاں سے کیا لیا ہم نے جہاں کو کیا دیا ہم نے
وہی انساں جہاں جاؤ وہی حرماں جدھر دیکھو
بپائے خفتہ کی سیاحیٔ ملک خدا ہم نے
لٹا ذوق سفر بھی کارواں کا ایسے لگتا ہے
سنا ہر تازہ پیش آہنگ کا شور درا ہم نے
ستم آراؤ سن لو آخری برداشت کی حد تک
سہا ہر ناروا ہم نے سنا ہر ناسزا ہم نے
یہ دزدیدہ نگاہیں ہیں کہ دل لینے کی راہیں ہیں
ہمیشہ دیدہ و دانستہ کھائی ہے خطا ہم نے
کشاکش ہم سے پوچھے کوئی نا آسودہ خواہش کی
حسینوں سے بہت باندھے ہیں پیمان وفا ہم نے
کیا تکمیل نقش نا تمام شوق کی خاطر
جو تم سے ہو سکا تم نے جو ہم سے ہو سکا ہم نے
عراقی کی طرح خالد کو کیوں بدنام کرتے ہیں
نہ دیکھا کوئی ایسا خوش نوائے بے نوا ہم نے
عبدالعزیز خالد
No comments:
Post a Comment