Wednesday, 23 February 2022

کہ جیسے ایک چنگاری جلائے راکھ ہونے تک

 کہ جیسے ایک چنگاری جلائے راکھ ہونے تک

نہیں جھکتی یوں ہی گردن ہماری خاک ہونے تک

ابھی ہوں اس قدر سادہ محبت کر نہیں سکتا

تُو میری سادگی پہ مر مِرے چالاک ہونے تک

نہ جانے رو پڑا وہ کیوں لہو میرا جو ٹپکا تو

ستم جس نے کیے مجھ پر جگر کے چاک ہونے تک

بہا کر لے گئے آنسو تجھے تیرے ٹھکانے سے

بسا تھا تو ان آنکھوں میں مگر نمناک ہونے تک

جو مجھ کو کاٹنے میں ہر گھڑی مصروف تھے ان کو

دیا ہے سائباں میں نے خس و خاشاک ہونے تک

ابھی روشن تو ہیں لیکن اُجالے ہم نہ لے پائے

یہ شمعیں بجھ چکی ہوں گی ہمیں ادراک ہونے تک

دعاؤں میں اثر ہو تو پہنچتی ہیں وہاں فوراً

نہیں لگتا انہیں اک پل پسِ افلاک ہونے تک

تجھے پہنائی ہے بیٹی! تو اِس کی لاج بھی رکھنا

یہ میرے سر کی پگڑی تھی تِری پوشاک ہونے تک


جاوید جدون

No comments:

Post a Comment