Friday, 25 February 2022

مری مٹی پہ دو موسم اترتے ہیں

 اصلِ زندگی


مِری مٹی پہ دو موسم اترتے ہیں

محبت کا ہرا پن اور عداوت کی خزاں کا زرد سُونا پن

محبت کا ہرا پن دوستی کی نرم خوشبو سے مزیّن ہے

عداوت کی خزاں کا زرد سُونا پن

کسی دریا میں چکراتے بھنور کا شاخسانہ ہے

محبت کے سفر کی ابتدا 

قربانیوں کی رہگزر پر روزِ اول ہو گئی تھی

محبت میں متاعِ عمر کھونا یا 

زرِ جاں تک لٹا دینا ہی اصلِ زندگی ہے

عداوت کیا ہے؟

یہ شیطانیت کے کھیل کا پہلا پڑاؤ ہے

یہاں پر خوں بہانا یا 

کسی کا مال ہتھیانا اصولِ دشمنی ہے

یہ دنیا کچھ اصولوں پر کھڑی ہے

خدا اہلِ محبت کو بہت محبوب رکھتا ہے

کہ یہ قربانیوں کو زندگی کا اصل کہتے ہیں

قضا کو وصل کہتے ہیں

محبت کی روایت کو نبھانا کارِ مشکل ہے

کہ ہم مرنے سے ڈرتے ہیں

مگر ہم دشمنی کو سات پشتوں تک نبھاتے ہیں


نجیب احمد

No comments:

Post a Comment