Thursday, 24 February 2022

آواز کوئی دے گا تو گھر جائیں گے ہم لوگ

 آواز کوئی دے گا تو گھر جائیں گے ہم لوگ

اک دن اسی امید مِیں مر جائیں گے ہم لوگ

ہم کو بھی نگل جائے گا شہرت کا سمندر

گمنام جزیروں پہ اتر جائیں گے ہم لوگ

تھم جائے گا ہر ذات کے اثبات کا ہنگام

اک روز خموشی سے بکھر جائیں گے ہم لوگ

کیا پھر نہ رواں ہو گا وہ آواز کا دریا

کیا تشنہ سماعت لیے مر جائیں گے ہم لوگ

اے شخص! تِری چشمِ فسوں ساز سے پہلے

لگتا ہی نہیں تھا کہ سدھر جائیں گے ہم لوگ

ضائع ہی سہی سارا ہنر اپنے لہو کا

لفظوں مِیں نئے رنگ تو بھر جائیں گے ہم لوگ


صدیق اکبر

No comments:

Post a Comment