Wednesday 23 February 2022

بکھر گیا چاہتوں کا وہ سلسلہ ترے بعد

 بکھر گیا چاہتوں کا وہ سلسلہ تِرے بعد

کہ تیرے جیسا ملا نہیں دوسرا ترے بعد

کسی سے ملتے ہوئے بھی اب میں جھجھک رہا ہوں

رفاقتوں کا رہا نہ کوئی مزا ترے بعد

کچھ اس لیے بھی مصیبتوں میں گھرا ہوا ہوں

نہ دی کسی نے سفر سے پہلے دعا ترے بعد

یہ خالی کمرہ تو دل کی وحشت بڑھا رہا ہے

نہ کوئی آہٹ کہیں نہ کوئی صدا ترے بعد

دیارِ الفت سے بھی تو ناکام لوٹ آیا

نہ راس آئی مجھے یہاں کی فضا ترے بعد

خود اپنے ہی آپ سے ہمیں ہو گئی ہے نفرت

کہ منہ چڑانے لگا ہمیں آئینہ ترے بعد

نہیں ہے آساں محبتوں میں بچھڑ کے جینا

یہ زندگی لگ رہی ہے کوئی سزا ترے بعد

یہ کیسی بارش ہے جس میں تن من جھلس رہا ہے

کہ آگ برسا رہی ہے گویا گھٹا ترے بعد


جمیل احمد جمیل

No comments:

Post a Comment