Saturday 25 June 2022

جو آم میں ہے وہ لب شیریں میں نہیں رس

 در مدحِ آم


جو آم میں ہے وہ لبِ شیریں میں نہیں رس

ریشوں میں ہے جو شیخ کی داڑھی سے مقدس

آتے ہیں نظر آم تو جاتے ہیں بدن کَس

لنگڑے بھی چلے آتے ہیں کھانے کو بنارس

ہونٹوں میں حسینوں کے جو امرس کا مزا ہے

یہ پھل کسی عاشق کی محبت کا صِلہ ہے

آمد سے دسہری کے ہے منڈی میں دسہرا

ہر آم نظر آتا ہے معشوق کا چہرا

ہر رنگ میں ہلکا ہے تو اِک رنگ میں گہرا

کہہ ڈالا قصیدے کے عوض آم کا سہرا

خالق کو ہے مقصود کہ مخلوق مزہ لے

وہ چیز بنا دی ہے کہ بُڈھا بھی چبا لے

پھل کوئی زمانے میں نہیں آم سے بہتر

کرتا ہے ثناء آم کی غالب سا سخنور

اقبال کا ایک شعر قصیدے کے برابر

چِھلکوں پہ پھینک لیتے ہیں ساغر سے پھٹیچر

ہونٹوں میں حسینوں کے جو امرس کا مزا ہے

یہ پھل کسی عاشق کی محبت کا صِلہ ہے

نفرت ہے جسے آم سے وہ شخص ہے بیمار

لیتے ہیں شکر آم سے اکثر لب و رُخسار

آموں کی بناوٹ میں ہے مضمر تیرا دیدار

بازو وہ دسہری سے وہ کیری سے لبِ یار

ہیں جام و سبُو خُم کہاں آنکھوں سے مشابہ

آنکھیں تو ہیں بس آم کی پھانکوں سے مشابہ

کیا بات ہے آموں کی ہوں دیسی کہ بدیسی

سُرخے ہوں سرولی ہوں کہ تُخمی ہو کہ قلمی

چونسے ہو کہ سفیدے ہوں کہ خجری ہوں کہ فجری

اک طُرفہ قیامت ہے مگر آم دسہری

فردوس میں گندم کے عوض آم جو کھاتے

آدم کبھی جنت سے نکالے نہیں جاتے


ساغر خیامی

No comments:

Post a Comment