Wednesday 29 June 2022

آخری خودکشی سے ذرا پہلے ایک دوست سے مشورہ

 آخری خودکشی سے ذرا پہلے ایک دوست سے مشورہ


اگر میں خودکشی کر لوں تو 

میری سرخ ٹائی کس کے استعمال میں آئے گی؟

میرے کمرے میں پچھلی رات کو اٹھ کر کون ٹہلا کرے گا؟

میری عینک کے شیشے کون صاف کرے گا؟

میرے دیر تک جاگتے رہنے کی عادت کا کیا بنے گا؟

اگر میں خودکشی کر لوں تو 

خودکشی کرنے کے منصوبے کون بنایا کرے گا؟

اگر میں خودکشی کرلوں تو 

لوگوں کو کون بتائے گا کہ 

سنہری ڈائل والی گھڑی کا تحفہ مجھے کس نے دیا تھا؟

میری جیب سے برآمد ہونے والے خوابوں کی 

لوگ کیا تعبیر کریں گے؟

میری بقیہ سانسیں کس کے استعمال میں آئیں گی یا 

لاش اٹھانے والوں کے جوتوں تلے آکے کچلی جائیں گی؟

میں خودکشی کر سکتا ہوں 

مگر مجھے بتایا جائے کہ لوگ 

اس کی وجہ جاننے کی خواہش تو نہیں کریں گے؟ 

مجھے بتاؤ جس دن میں خودکشی کروں گا 

اس رات تم اپنے شوہر کے دائیں جانب سونا پسند کرو گی 

یا بائیں جانب؟

مجھے بتاؤ اگر میں خودکشی کرلوں تو 

شیلف میں رکھی ہوئی کتابوں کا فوری ردعمل کیا ہو گا 

اور کمرے کے ذہن میں پہلی بات کیا آئے گی؟

مجھے مشورہ دو کہ خودکشی کرتے وقت 

مجھے کھڑکیاں دروازے بند رکھنے چاہئیں یا نہیں؟

لائٹ جلتی رہنے میں کوئی قباحت تو نہیں ؟

ٹیپ ریکارڈر کی آواز کتنی رکھی جائے ؟

پرانی تصویروں اور خطوط کے بارے میں کیا فیصلہ کروں ؟

خودکشی سے کتنی دیر پہلے مجھے آخری سگریٹ پی لینی چاہیے ؟

اس وقت جرابیں پہننے یا نہ پہننے کے بارے میں بھی بتاؤ

وقت اور طریقہ کار کے بارے میں تمہارا مشورہ کیا ہے؟

مجھے بتاؤ خودکشی کے بعد بھی زندہ رہنا ممکن ہے؟

کیا زندہ رہنے کے درمیانی وقفوں میں 

خودکشی کرتے رہا جا سکتا ہے؟

بتاؤ ایک بار خودکشی سے میں کتنا مر جاؤں گا ؟

اگر میں خودکشی کر لوں تو میرے اندر 

بلند ہوتی ہوئی بیگانگی کی دیوار گر سکے گی؟

اور اگر اپنے ہی ملبے میں دبا میں سسکتا رہا 

تو مجھے کیا لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے؟

کیا تم مجھے خودکشی کا کوئی ایسا طریقہ بتا سکتی ہو 

جس سے میں پورا مر سکوں


ساحر شفیق

No comments:

Post a Comment