Saturday, 25 June 2022

کہو تو چلتے رہتے ہیں کہو تو لوٹ جاتے ہیں

 کہو تو لوٹ جاتے ہیں


ابھی تو بات لمحوں تک ہے

سالوں تک نہیں آئی

ابھی مُسکانوں کی نوبت بھی نالوں تک نہیں آئی

ابھی تو کوئی مجبوری خیالوں تک نہیں آئی

ابھی تو گرد پیروں تک ہے بالوں تک نہیں آئی

کہو تو لوٹ جاتے ہیں

چلو اک فیصلہ کرنے شجر کی اور جاتے ہیں

ابھی کاجل کی ڈوری سرخ گالوں تک نہیں آئی

زباں دانتوں تلک ہے، زہر پیالوں تک نہیں آئی

ابھی تو مُشک کستوری غزالوں تک نہیں آئی

ابھی رُوداد بے عنواں

ہمارے درمیاں ہے، دنیا والوں تک نہیں آئی

کہو تو لوٹ جاتے ہیں

ابھی نزدیک ہیں گھر اور منزل دُور ہے اپنی

مبادا نار ہو جائے یہ ہستی نُور ہے اپنی

کہو تو لوٹ جاتے ہیں

یہ رستہ پیار کا رستہ

رسن کا دار کا رستہ

بہت دُشوار ہے جاناں

کہ اس رستے کا ہر ذرہ

بھی اک کُہسار ہے جاناں

کہو تو لوٹ جاتے ہیں

میرے بارے نہ کچھ سوچو

مجھے طے کرنا آتا ہے

رسن کا دار کا رستہ

یہ آسیبوں بھرا رستہ

یہ اندھی غار کا رستہ

تمہارا نرم و نازک ہاتھ ہو

اگر میرے ہاتھوں میں

تو میں سمجھوں

کہ جیسے دو جہاں ہیں میری مُٹھی میں

تمہارا قُرب ہو تو مشکلیں کافُور ہو جائیں

یہ اندھے اور کالے راستے پُر نُور ہو جائیں

تمہارے گیسوؤں کی چھاؤں مل جائے

تو سورج سے الجھنا بات ہی کیا ہے

اٹھا لو اپنا سایہ تو میری اوقات ہی کیا ہے

میرے بارے نہ کچھ سوچو

تم اپنی بات بتلاؤ

کہو تو چلتے رہتے ہیں

کہو تو لوٹ جاتے ہیں


امجد اسلام امجد

No comments:

Post a Comment