Friday, 24 June 2022

کہنے کی بات کب ہے یہ کرنے کی بات ہے

 کہنے کی بات کب ہے یہ کرنے کی بات ہے

دم عمر بھر کسی کا یہ بھرنے کی بات ہے

ہم نے کیا تھا عشق یہ جینے کے واسطے

کر کے خبر ہوئی کہ یہ مرنے کی بات ہے

ہے مختصر بہت یہ وفاؤں کی داستاں

پھولوں کے ڈالیوں سے بکھرنے کی بات ہے

کیسے ملائے بے وفا کوئی نظر یہاں

سودا تمام کر کے مکرنے کی بات ہے

کیجے محبتوں میں نہ شکوہ گلہ کوئی

یہ ہنستے ہنستے جاں سے گزرنے کی بات ہے

ڈرتے ہیں لوگ جانے کیوں اس موت سے بھلا

در اصل زندگی یہاں ڈرنے کی بات ہے

ابرک نہیں ہے آساں بھلانا ہمیں کہ یہ

اپنے ہی دل سے خود ہی اترنے کی بات ہے


اتباف ابرک

No comments:

Post a Comment