تاوان
یہ کس نے کہہ دیا کہ
تم کو 24 گھنٹے خوبصورت ہی دِکھنا ہے
نیند سے جاگتے سمے بھی کلوپیٹرا لگنا ہے
لو بھلا یہ کوئی کرایہ تھوڑی ہے
جو تم کو عورت نام کے مکان میں رہنے کی مد میں
ادا کرنا پڑے گا
تم نے ٹھیکہ نہیں لیا ہوا کہ
ہر وقت فاؤنڈیشن کی دس تہیں چڑھا کر
اور لال لپ اسٹک لگا کر
آنکھوں کی راحت کا سامان کرتی رہو
تمہارے چہرے کے مساموں کو بھی
آکسیجن کی ضرورت ہے
سو
دل نہ کرے تو بال مت کھولنا
دل نہ کرے تو فیئرنیس کریم مت ملنا
دل نہ کرے تو
سن 2020 میں 2020 کا فیشن مت کرنا
ٹھوڑی پر نکلے ہوئے دانے کو
اور آنکھوں کے نیچے پڑے ہوئے حلقوں کو
کینسل کرنے کی کوشش مت کرنا
دل نہ کرے تو کچھ بھی مت کرنا
تم کوئی مینی کوین نہیں
کہ ہمیشہ ایک سی پوزیشن میں رہو
جیتی جاگتی سانس لیتی انسان ہو
اپنی تمام امپرفیکشنز کے ساتھ بھی پرفیکٹ
چلو اپنی خامیوں کے ساتھ خوش رہنا سیکھتے ہیں
چلو فیئر اینڈ لولی کو کوڑے کے ڈبے میں پھینکتے ہیں
چلو ریس سے نکل کر واک کرتے ہیں
رفعت جبیں
No comments:
Post a Comment