Tuesday, 28 June 2022

وادئ کشمیر جو ہر رنگ میں تھی بے نظیر

وادئ کشمیر جو ہر رنگ میں تھی بے نظیر

اہل دنیا جس کو کہتے تھے ہے ایرانِ صغیر

اک زمیں پر عکس جنت نام بھی تھا تابدار

تھے کرشمے بھی یہاں قدرت کے کتنے بے شمار


نسل آدم کس طرح کھاتی ہےاب سینے پہ تیر

شیخ ہو یا کوئی وانی، ڈار ہو یا کوئی میر

ہر طرف معصوم بس معصوم ہوتے ہیں شکار

دیکھ کر کشمیریوں کا حال دل ہے بے قرار


سبزہ و باغات ہوں چاہے یہاں کا آبشار

جس پہ جو قابض ہے اپنا کہہ رہا ہے بار بار

خون مسلم سے یہاں کی سرزمیں ہے لالہ زار

اب تو سن لے اے خدا مظلوم لوگوں کی پکار


یاد ان شہداء کی تڑپاتی رہی ہے بار بار

عید کا موقع، یہاں پر درد سے دل ہے فگار

جل گئی ہے ہر کلی چاہے نشاط و شالمار

ہے شفق پر خون، کوئی پھر چلا کیا سوئے دار


فوج بھیجی جا رہی ہے اس زمیں پر بار بار

بن رہے ہیں اب نئے کشمیر میں پھر سے مزار

کر چلیں ہم مادر کشمیر پر اب جاں نثار

لوٹ آئے گی رئیس اس گلستاں میں پھر بہار


احمد رئیس

No comments:

Post a Comment