Wednesday, 21 September 2022

خیال کے پھول کھل رہے ہیں بہار کے گیت گا رہا ہوں

 خیال کے پھول کھل رہے ہیں بہار کے گیت گا رہا ہوں

تِرے تصور کی سرزمیں پر نئے گلستاں کھلا رہا ہوں

میں سارے برباد کن خیالوں کو دل کا مہماں بنا رہا ہوں

خِرد کی محفل اجڑ چکی ہے جنوں کی محفل سجا رہا ہوں

اُدھر ہے آنکھوں میں اک شرارت اِدھر ہے سینے میں اک چبھن سی

نظر سے وہ مسکرا رہے ہیں، جگر سے میں مسکرا رہا ہوں

مِری مصیبت یہ کہہ رہی ہے، خدا مجھے آزما رہا ہے

مِری عبادت یہ کہہ رہی ہے، خدا کو میں آزما رہا ہوں

خودی کے ماتھے پہ داغ سجدہ ہوس کے چہرے پہ تیرگی ہے

میں ایک آئینہ لے کے دونوں کو دور ہی سے دکھا رہا ہوں

لیا نہ دل نے مِرے سہارہ ابھرتی موجوں کا شورشوں کا

میں اپنی اس کشتیٔ شکستہ کا آپ ہی نا خدا رہا ہوں

ملے نہ میری غزل میں کیوں کر شعور ہستی سرور مستی

جمیل کے مے کدے سے احساں شراب ادراک پا رہا ہوں


احسان دربھنگوی

No comments:

Post a Comment