Friday, 23 September 2022

وہی ابد کے دیے ہیں وہی ازل کے چراغ

 عارفانہ کلام نعتیہ کلام


وہی ابد کے دِیے ہیں وہی ازل کے چراغ

جلائے ہیں مِرے آقاؐ نے جو عمل کے چراغ

ہمیں شعور مسلسل حیات کا دے کر

حضورؐ آپ نے گل کر دئیے اجل کے چراغ

جلے تو آپؐ کی سیرت کے ہی چراغ جلے

جلائے ہم نے بہت سے بدل بدل کے چراغ

نگاہِ سرورِ عالمﷺ میں ایک جیسے ہیں

کسی غریب کے گھر کے ہوں یا محل کے چراغ

یقیں کے نور سے روشن کیا ضمیروں کو

بجھائے آپؐ نے جتنے بھی تھے خلل کے چراغ

دیار کفر میں سرکارﷺ نے کیے روشن

کہ جس طرح کسی تالاب میں کنول کے چراغ

شبِ فراق لگائی جو لو مدینے سے

تمام اشک مِرے بن گئے ہیں ڈھل کے چراغ

چراغِ مدحتِ خیرالبشرﷺ ہی روشن ہے

وگرنہ بجھ گئے دنیا میں کتنے جل کے چراغ

حضورؐ آپ کی مِدحت کا یہ بھی صدقہ ہے

کچھ اور ہو گئے روشن مِری غزل کے چراغ

بچاؤ شرک سے اعجاز اپنے دامن کو

جلاؤ نعتِ نبیؐ کے سنبھل سنبھل کے چراغ


اعجاز رحمانی

No comments:

Post a Comment