Saturday 12 August 2023

سیدہ خیرالنساء ام الائمۂ کرام

 عارفانہ کلام منقبت در شانِ فاطمۃ الزہراؑ


سیدّہ، خیرالنساء، اُم الائمۂ کرام

مادرِ آلِ محمدﷺ، دُخترِ خیرالانامؐ

رشکِ مریم، زوجۂ مولا علیؑ ذی احتشام

جملہ مستورات کی سردار و مخدومہ سلام


السّلام اے نور عین سرور ِکون و مکاںﷺ

بیٹے سردارانِ جنت، باپ فخرِ دو جہاںﷺ

قافلہ سالارِ عظمت آپ خاتونِ جناں

عرش کو ہے ناز جس پر آپ کا ہے آستاں


فاطمہ زہراؑ ہیں بے شک شکلِ انسانی میں حور

رحمۃ للعالمیںﷺ کی آپ ہیں آنکھوں کا نور

جس سے یہ راضی ہوں، اس سے راضی ہو ربِ غفور

میری جاں ہیں آپ، فرماتے تھے یہ میرے حضور


مرحبا، صلِ علیٰ کہ آپ ہیں بنتِ رسولﷺ

مادرِ آلِ نبیﷺ، گلدستۂ عصمت کا پھول

فاطمہ زہراؑ ہیں ذکیہ، راضیہ، عذرا، بتول

حشر میں ہو گی شفاعت آپ کی بے شک قبول


عالمِ اسلام کی خاتونِ اوّل کا وقار

فخر حوّا، رشکِ مریم، آسیہ کا افتخار

مظہرِ شانِ نبئﷺ رحمتِ پروردگار

دست قُدرت کا یقیناً آپ ہیں اک شاہکار


دیکھو جبریلِ امیںؑ ہیں آپ کے در کے گدا

آئے ہیں بن کر بھکاری، وقت ہے افطارکا

دےدیا سب کچھ انہیں، جو کچھ بھی افطاری میں تھا

گھونٹ سے پانی کے روزہ تیسرا بھی کُھل گیا


عالمہ بھی، عابدہ بھی، طاہرہ بھی فاطمہ

سورۂ کوثر کی ہیں تشریح بے شک فاتحہ

مالکہ، ملکہ، صبیحہ، صادقہ اور صالحہ

آپ ہیں والعصر معنئ حروفِ ہل اَتیٰ


باپ صادق اور امیں، بیٹی امینہ، صادقہ

آپ کے کیا کہنے صدیقہ، حلیمہ ، آمنہ

مریمِ کبریٰ بھی تھیں مستور و مخفی آپ میں

صورت و سیرت میں ہے جلوہ رسولِ پاکﷺ کا


راکعہ بھی، ساجدہ بھی، عابدہ بھی فاطمہؑ

عالمہ ہیں، فاضلہ ہیں، صالحہ بھی فاطمہؑ

ذاکرہ بھی، شافعہ بھی، دانیہ بھی فاطمہؑ

عظمت و رفعت میں مرویٰ و صفا بھی فاطمہؑ


مخزنِ فخر و توکّل، معدنِِ عظمت سلام

منبعِ جود وکرم ، اے سربسر رحمت سلام

السّلام اے پنجتن کی شان اور شوکت سلام

محورِ اہلِ کِسا، سادات کی عزت سلام


اہلِ بیتِ پاک کا بھی مرکز و محورہیں آپ

نازشِ کونین بھی ہیں، فخرِ پیغمبر ہیں آپ

ہمسرِ مولودِ کعبہ، ہمدمِ حیدرؑ ہیں آپ

دین و دنیا کے جمال و حسن کا مظہر ہیں آپ


عارف معین بلے

No comments:

Post a Comment