Monday, 27 November 2023

سیرت شہ مدینہ کی عنوان نعت ہے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


سیرت شہِﷺ مدینہ کی عنوانِ نعت ہے

اس سے ہی کائنات میں فیضانِ نعت ہے

عاشق رسولِ پاکﷺ کا حسانِ نعت ہے

دشمن رسولِ پاکﷺ کا نادانِ نعت ہے

جِن و بشر، ملائکہ،غُلمان و حُور کے

"ہر شعبۂ حیات میں امکانِ نعت ہے"

شمس و قمر ستارے ہوں یا ہو وہ کہکشاں

ہر ایک کی جبین پہ لمعانِ نعت ہے

اس کے لبوں کو چومتے ہوں گے ملائکہ

لب پر سجائے جو کوئی گلدانِ نعت ہے

حسان سا ہمیں بھی ہنر کردے تو عطا

یا رب ہمارے قلب میں ارمانِ نعت ہے

مختار کائناتﷺ کا جلوہ ہے ہر طرف

دنیا کو مشکبو کیے ریحانِ نعت ہے

اس کو ملے گا خلد میں ایواں سجا ہوا

دنیا میں جو سنوارتا ایوانِ نعت ہے

ان کی وِلا میں ڈوب کے نعتیں لکھا کرو

اے مومنو! وِلائے نبیﷺ جانِ نعت ہے

مقبول بارگاہ نبیﷺ جو بھی ہو گیا

اللہ کی قسم وہی سلطانِ نعت ہے

پورا کلام پاک ہے توصیف مصطفےٰﷺ

تو کوئی کیا سمجھ سکے کیا شانِ نعت ہے

لکھتا ہوں نعتِ شاہ مدینہ، بروز حشر

کافی مِری نجات کو سامانِ نعت ہے

اے کاش کہہ دیں شاہ مدینہ کبھی ندیم

مجھ کو پسند تیرا یہ دیوانِ نعت ہے


ندیم ملک

No comments:

Post a Comment