عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
نازاں ہے دل بسا کے محبت رسولﷺ کی
قسمت سے میں نے پائی ہے نسبت رسولؐ کی
مٹ جائے میری چشمِ تمنا کی بے کلی
یا رب کرا دے مجھ کو زیارت رسولؐ کی
پھیلی ہوئی ہیں جلوۂ جاناں کی تابشیں
روشن جہاں ہے دیکھ کے طلعت رسولؐ کی
دل دے دیا حضورﷺ کو تاریخ ہے گواہ
اک بار جس نے دیکھ لی صورت رسولؐ کی
خاتم کہا ہے رب نے کلامِ مجید میں
ہے ایسی بے مثال نبوّت رسولؐ کی
انؐ کی بلندیوں کی حدیں ڈھونڈتے ہو کیا؟
معلوم صرف رب کو ہے رفعت رسولؐ کی
چشمِ جہاں نے دیکھے ہیں اختر یہ معجزے
کرتے ہیں مہر و ماہ اطاعت رسولؐ کی
اختر حشمتی
No comments:
Post a Comment