Tuesday 28 November 2023

نعت جب آپ کی کہتا ہوں میں یا شاہ امم

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


نعت، جب آپؐ کی کہتا ہوں میں یا شاہ اممؐ

دور ہو جاتے ہیں پھر دل سے مِرے رنج و الم

آپﷺ کی دید کے اندھے بھی تمنائی ہیں

واہ کیا آپﷺ نے پایا ہے شہا حُسنِ اتم

آپؐ جس شہرِ مقدس میں ہوئے پیدا حضور

اس کی اللّه تعالیٰ نے اٹھائی ہے قسم

کہہ رہا ہوں جو مسلسل میں نبیؐ کی نعتیں

مجھ سے ناچیز پہ ہے خاص انہی کا یہ کرم

تیغ وحدت جب اٹھائی ہے شہ بطحاؐ نے

کُفر و الحاد کا پھر ٹُوٹ گیا سارا بھرم

انؐ کے عشاق کو سمجھو نہ کسی طور غریب

دولت عشق نبیﷺ کیا کسی دولت سے ہے کم؟

دھر سے دین محمدﷺ کو مٹائیں گے یہ کیا

ہمیں معلوم ہے، اتنا نہیں کفّار میں دم

انؐ کا واصف ہے خود اللّه تعالیٰ راحت

تجھ سے کس طرح بھلا وصف محمدؐ ہو رقم


راحت انجم

No comments:

Post a Comment