عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
سچے کی سند سچوں کا سُلطان، ابوبکرؓ
پھر نعرہ فرشتوں کا کہ؛ قربان، ابوبکرؓ
ہر پہلے نے دیکھا تھا کہ پہلا ہے ابوبکرؓ
ہر پچھلے کا بھی پہلا رہا ایمان، ابوبکرؓ
ملنا ہو کسی کو جو محمدﷺ سے، تو سُن لے
پہلے بھی تھا، ہے آج بھی دربان، ابوبکرؓ
کس خاص کی آمد ہے کہ جنت میں ہے ہلچل
اک شور سا سُنتا ہوں کہ مہمان، ابوبکرؓ
الحاد کی آندھی ہو کہ کذّابوں کا لشکر
سب زیر ہوئے ایسا تھا طوفان، ابوبکرؓ
گھر بار اُٹھا لایا وہ قدموں میں نبیؐ کے
اور آقاؐ نے کہا؛ میرا ہے سامان، ابوبکرؓ
رب نے بھی رکھا دونوں کو تا حشر اکٹھا
یاروں میں بھی رکھتا ہے الگ شان، ابوبکرؓ
ہر رنگ سلامت ہےنہ خُوشبو میں کوئی فرق
اخلاق محمدﷺ کے ہیں گُلدان، ابوبکرؓ
عابی مکھنوی
No comments:
Post a Comment