Sunday 21 January 2024

کسی کے ساتھ وہ رنگین رات گزری ہے

کسی کے ساتھ وہ رنگین رات گُزری ہے

کہ ایک رات میں پوری حیات گزری ہے

مِلا ہے دستِ حِنائی سے بادۂ خُوش رنگ

نگاہ و دل پہ عجب واردات گزری ہے

وہ میرے پاس سے گُزرے تو یوں ہُوا محسوس

کہ خُوشبوؤں میں بسی کائنات گزری ہے

نظر سے جلوۂ صد رنگ ایسے گُزرا ہے

کہ جیسے لالہ رُخوں کی برات گزری ہے

سمٹ گئی تھیں بہاریں حسین پیکر میں

طرب نواز شبِ اِلتفات گزری ہے

عرق عرق وہ حیا سے تو پانی پانی میں

جسے بتا نہ سکیں ایسی بات گزری ہے

ہر ایک لمحہ عروجِ نشاط تھا کامل

حیات جس پہ نِچھاور وہ رات گزری ہے


کامل چاندپوری

No comments:

Post a Comment