عشق کی اک رنگین صدا پر برسے رنگ
رنگ ہو مجنوں اور لیلیٰ پر برسے رنگ
کب تک چُنری پر ہی ظُلم ہوں رنگوں کے
رنگریزہ! تیری بھی قبا پر برسے رنگ
خواب بھریں تِری آنکھیں میری آنکھوں میں
ایک گھٹا سے ایک گھٹا پر برسے رنگ
اک ست رنگی خُوشبو اوڑھ کے نکلے تو
اس بے رنگ اُداس ہوا پر برسے رنگ
اے دیوی! رُخسار پہ تیرے رنگ لگے
جوگی کی المست جٹا پر برسے رنگ
میرے عناصر خاک نہ ہوں بس رنگ بنیں
اور جنگل صحرا دریا پر برسے رنگ
سُورج اپنے پر جھٹکے اور صُبح اُڑے
نیند نہائی، اس دُنیا پر برسے رنگ
سوپنل تیواڑی
No comments:
Post a Comment