Wednesday, 3 December 2025

ضبط ساکت جھیل کا اب توڑ دے ایسے کہ بس

 ضبط ساکت جھیل کا اب توڑ دے ایسے کہ بس

خامشی بھی چیخ اٹھے اور پھر بولے کہ بس

بعد میں آرام سے پھر وقت نے یکجا کِیا

ہم تِری آغوش میں آئے تو یوں بکھرے کہ بس

طاق پر ہم نے اٹھا کر رکھ دیا امید کو

تیس پر دس اور دن پوچھو نہ کیا گزرے کہ بس

آگ سارے گھر میں تھی، باہر تھے ہم حیران سے

دم لگا کر آنچ پر جذبات کچھ رکھے کہ بس

ریشمی دھاگے کے ہم دونوں کنارے تھے کبھی

ریشہ ریشہ ہو کے ہم اس طرح سے ٹوٹے کہ بس

ٹوٹتے رشتوں سے بڑھ کر رنج تھا اس بات کا

درمیاں کچھ دوست تھے اور دوست بھی ایسے کہ بس


رینو نیر 

No comments:

Post a Comment