Saturday, 19 September 2026

پھولوں میں جھلک حسن رخ یار کی نکلی

 پھولوں میں جھلک حسن رخ یار کی نکلی

ہم خوش ہیں کوئی شکل تو دیدار کی نکلی

الفاظ سے خوشبو تِرے کردار کی نکلی

جب بات مسیحا تِرے گفتار کی نکلی

نیلام ہوئے چاند ہر اک شہر میں لیکن

رونق نہ کہیں مصر کے بازار کی نکلی

ہونٹوں کی ہنسی بن گئے جو زخم تھے دل میں

صورت کوئی جب اور نہ اظہار کی نکلی

دیکھا تو یہ سمجھے کسی درویش کا گھر ہے

پوچھا تو وہ کٹیا بھی زمیندار کی نکلی

پھر پھول برسنے لگے لفظوں کے دہن سے

پھر بات کسی کے لب و رخسار کی نکلی

زنجیر کی تنگی تھی اسیران وفا تھے

آواز بھی زنداں سے نہ جھنکار کی نکلی


مہتاب عالم

No comments:

Post a Comment