Friday 18 September 2015

ہجر جاناں کی گھڑی اچھی لگی

ہجرِ جاناں کی گھڑی اچھی لگی
اب کے تنہائی بڑی اچھی لگی
قریۂ جاں پر اداسی کی طرح
دُھند کی چادر پڑی اچھی لگی
ایک تنہا فاختہ اڑتی ہوئی
اک ہرن کی چوکڑی اچھی لگی
زندگی کی گھُپ اندھیری رات میں
یاد کی اک پھُلجھڑی اچھی لگی
شہرِ دل اور اتنے لوگوں کا ہجوم
وہ الگ سب سے کھڑی اچھی لگی
ایک شہزادی مگر دل کی فقیر
اس کو میری جھونپڑی اچھی لگی
دل میں آ بیٹھی غزل سی وہ غزال
یہ تصور کی گھڑی اچھی لگی
تیرا دکھ، اپنی وفا، کارِ جہاں
جو بھی شے مہنگی پڑی، اچھی لگی
آنکھ بھی برسی بہت بادل کے ساتھ
اب کے ساون کی جھَڑی اچھی لگی
یہ غزل مجھ کو پسند آئی فرازؔ
یہ غزل اس کو بڑی اچھی لگی

احمد فراز

No comments:

Post a Comment