Wednesday 9 March 2016

موسم گل میں عجب رنگ ہے میخانے کا

موسمِ گل میں عجب رنگ ہے مے خانے کا
 شیشہ جھکتا ہے کہ منہ چوم لے پیمانے کا
خوب انصاف تِری انجمنِ ناز میں ہے
شمع کا رنگ جمے، خون ہو پروانے کا
میں سمجھتا ہوں تِری عشوہ گری اے ساقی
کام کرتی ہے نظر،۔۔ نام ہے پیمانے کا
رات بھر آتشِ حسرت سے جلا کرتی ہے
شمع پر صبر پڑا ہے کسی پروانے کا
اٹھ گئے آپ جو پہلو سے قیامت آئی
مل گیا درد کو پہلو مِرے تڑپانے کا
جان دے دے نہ کرے آہ، بہت مشکل ہے
عشق کرنے کو جگر چاہیے پروانے کا
تُو نے صورت نہ دکھائی تو یہ صورت ہو گی
لوگ دیکھیں گے تماشا تِرے دیوانے کا
آتشِ عشق ہے کیا چیز یہ پوچھو ہم سے
نام روشن ہے اسی آگ سے پروانے کا
صحبتِ پیرِ مغاں میں یہ کھلا راز جلیلؔ
خلد کہتے ہیں جسے نام ہے مے خانے کا

جلیل مانکپوری

No comments:

Post a Comment