Wednesday 12 October 2016

اس شہر خفتگان میں کوئی تو اذان دے

اس شہر خُفتگاں میں کوئی تو اذان دے
ایسا نہ ہو زمیں کا جواب آسمان دے
پڑھنا ہے تو نوشتۂ بین السطور پڑھ
تحریرِ بے حروف کے معنی پہ دھیان دے 
سورج تو کیا بجھے گا مگر اے ہوائے مہر
تپتی زمیں پہ ابر کی چادر ہی تان دے
اب دھوپ سے گریز کرو گے تو ایک دن
ممکن ہے سایہ بھی نہ کوئی سائبان دے
میں سوچتا ہوں اس لیے شاید میں زندہ ہوں
ممکن ہے یہ گمان، حقیقت کا گیان دے
میں سچ تو بولتا ہوں مگر اے خدائے حرف
تُو جس میں سوچتا ہے، مجھے وہ زبان دے
سورج کے گِرد گھوم رہا ہوں زمیں کے ساتھ
اس گردشِ مدام سے مجھ کو امان دے
میں تنگئ مکاں سے نہ ہو جاؤں تنگ دل
اپنی طرح مجھے بھی کوئی لامکان دے
میری گواہی دینے لگے میری شاعری
یارب مِرے سخن کو وہ حُسنِ بیان دے

حمایت علی شاعر

No comments:

Post a Comment