Thursday 2 January 2020

اے مرے نور نظر لخت جگر جان سکوں

لوری

اے مِرے نورِ نظر لختِ جگر جان سکوں
نیند آنا تجھے دشوار نہیں ہے سو جا
ایسے بد بخت زمانے میں ہزاروں ہوں گے
جن کو لوری بھی میسر نہیں آتی ہو گی
میری لوری سے تِری بھوک نہیں مٹ سکتی
میں نے مانا کہ تجھے بھوک ستاتی ہو گی

لیکن اے میری امیدوں کے حسیں تاج محل
میں تِِری بھوک کو لوری ہی سنا سکتی ہوں
تیرا رہ رہ کے یہ رونا نہیں دیکھا جاتا
اب تجھے دودھ نہیں خون پلا سکتی ہوں
بھوک تو تیرا مقدر ہے غریبی کی قسم
بھوک کی آگ میں جل جل کے یہ رونا کیسا
تُو تو عادی ہے اسی طرح سے سو جانے کا
بھوک کی گود میں پھر آج نہ سونا کیسا
آج کی رات فقط تو ہی نہیں تیری طرح
اور کتنے ہیں جنہیں بھوک لگی ہے بیٹے
روٹیاں بند ہیں سرمائے کے تہہ خانوں میں
بھوک اس ملک کے کھیتوں میں اگی ہے بیٹے
لوگ کہتے ہیں کہ اس ملک کے غداروں نے
صرف مہنگائی بڑھانے کو چھپایا ہے اناج
ایسے نادار بھی اس ملک میں سو جاتے ہیں
ہل چلائے ہیں جنہوں نے نہیں پایا ہے اناج
تو ہی اس ملک میں نادار نہیں ہے سو جا
اے مِرے نورِ نظر لختِ جگر جان سکوں
نیند آنا تجھے دشوار نہیں ہے سو جا

کفیل آزر

No comments:

Post a Comment