Sunday 12 January 2020

کچھ کہنے کا وقت نہیں یہ کچھ نہ کہو خاموش رہو

کچھ کہنے کا وقت نہیں یہ کچھ نہ کہو خاموش رہو
اے لوگو خاموش رہو، ہاں اے لوگو، خاموش رہو
سچ اچھا پر اس کے جلو میں زہر کا ہے اک پیالہ بھی
پاگل ہو؟ ناحق کو سقراط بنو،۔ خاموش رہو
حق اچھا، پر اس کے لیے کوئی اور مَرے تو اور اچھا
تم بھی کوئی منصور ہو جو سولی پہ چڑھو؟ خاموش رہو
ان کا یہ کہنا، سورج ہی دھرتی کے پھیرے کرتا ہے
سر آنکھوں پر، سورج ہی کو گھومنے دو، خاموش رہو
مجلس میں کچھ حبس ہے اور زنجیر کا آہن چبھتا ہے
پھر سوچو، ہاں پھر سوچو، ہاں پھر سوچو، خاموش رہو
گرم آنسو اور ٹھنڈی آہیں، من میں کیا کیا موسم ہیں
اس بگیا کے بھید نہ کھولو، سیر کرو، خاموش رہو
آنکھیں موند کنارے بیٹھو، من کے رکھو بند کواڑ
انشا جی! لو دھاگا لو اور لب سی لو، خاموش رہو

ابن انشا

No comments:

Post a Comment