Sunday 26 July 2020

وہ تنہا ہو کے بھی تنہا نہیں‌ ہے

بچھڑتے وقت بھی رویا نہیں ہے
یہ دل اب ناسمجھ بچہ نہیں ہے
میں ایسے راستے پہ چل رہی ہوں
جو منزل کی طرف جاتا نہیں ہے
محبت کی عدیم الفرصتی میں
اسے چاہا، مگر سوچا نہیں ‌ہے
لبوں پر مسکراہٹ بن کے چمکا
جو آنسو آنکھ سے ٹپکا نہیں ہے
جب آئینہ تھا تب چہرہ نہیں تھا
ہے اب چہرہ تو آئینہ نہیں‌ ہے
میں ایسے سانحے پر رو رہی ہوں
ابھی جو آنکھ نے دیکھا نہیں ہے
جو شہرِ عشق کا باسی ہے راحت
وہ تنہا ہو کے بھی تنہا نہیں‌ ہے

حمیرا راحت

No comments:

Post a Comment