Friday, 2 October 2020

روح شاعر آج پھر ہے وجد میں آئی ہوئی

 جامن والیاں


روحِ شاعر آج پھر ہے وجد میں آئی ہوئی

آم کے باغوں پہ ہے کالی گھٹا چھائی ہوئی

مست بھنورا گونجتا پھرتا ہے کوہ و دشت پر

روح پھرتی ہے کسی وحشی کی گھبرائی ہوئی

خارِ صحرا فیضِ ابر و باد سے نکھرے ہوئے

خاکِ گلشن موجِ ابر و بُو سے اترائی ہوئی

بہہ رہی ہیں ندیاں ساون کے نغموں کی طرح

گا رہی ہیں کوئلیں موسم کی تڑپائی ہوئی

آ رہی ہیں ناز سے نوخیز جامن والیاں

انکھڑیوں میں اجنبیت، چال اٹھلائی ہوئی

عمر کے نشے سے کچھ کچھ نیند میں ڈوبی ہوئی

برق کی ہلچل سے کچھ کچھ ہوش میں آئی ہوئی

ابر میں لچکے ہوئے پودوں کا دست و پا میں لوچ

دھوپ کے تپتے ہوئے کھیتوں کی سنولائی ہوئی

دونوں ہاتھوں سے سنبھالے ہیں سروں کی ٹوکری

ہاتھ انگڑائی کی صورت، آنکھ شرمائی ہوئی

پائے نازک، راہ کے پانی سے یہ بھیگے ہوئے

پنڈلیاں، زورِ جوانی سے یہ بل کھاتی ہوئی

یہ جھجھک اٹھنا جوانوں کی نظر سے بار بار

یہ نگاہیں شہر کی گلیوں میں گھبرائی ہوئی


جوش ملیح آبادی

No comments:

Post a Comment