کون سی بستی میں محوِ خواب تھے
کون سی بستی میں محوِ خواب تھے
کون سے سپنے ادھورے چھوڑ کر
صبح کی آہٹ پہ جاگے نیند سے
ذائقوں کے کس نگر سے آیا تھا
گرم سانسیں چھوڑتا مشروبِ صبح
کس گلی کے موڑ پر ٹھہرے ذرا
مسکراہٹ، گنگناہٹ میں چھپا
کون سی کھڑکی پہ دستک دے، چلے
کس ہجومِ اجنبی میں گم ہوئے
کون سے لشکر تلے روندے گئے
کون سے دریا میں ڈوبے اور پھر
تیرتے، شل بازوؤں کے زور پر
کب، کہاں، کس کھردرے ساحل لگے
کون سی بستی میں آئے لوٹ کر
کون سے صحرائے نامحرم کی گرد
رنگ اڑے، مسلے ہوئے کپڑوں پہ تھی
درد اٹھائے، زخم کھائے جسم کو
ڈگمگائے، گڑبڑائے ذہن کو
شام آئی ہے تو کچھ بھی یاد نئیں
عابد سیال
No comments:
Post a Comment